Thursday, March 28, 2024

مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی مانگ لی

مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی مانگ لی
October 25, 2019
 لاہور (92 نیوز) ن لیگی رہنما مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی مانگ لی۔ مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کیلئے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مریم نواز نے مؤقف اپنایا والد میاں نواز شریف شدید بیمار اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ والد کی تیمار داری اور دیکھ بھال کیلئے ان کے پاس میری موجودگی ضروری ہے۔ عدالت ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگی رہنما مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کیلئے متفرق درخواست پر سماعت کے بعد نیب حکام کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دئیے۔ گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل کی قیدی نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو والد سے ملنے کی اجازت دی گئی  تو وہ خود اسپتال پہنچ کر بیمار ہو گئیں ۔ ذرائع کے مطابق والد کو دیکھ کر انہیں اینگزائٹی اٹیک ہوا جس کے باعث انہیں بھی اسپتال داخل کرنا پڑا تاہم طبیعت بہتر ہونے پر علی الصبح انہیں واپس جیل منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کو اینگزائٹی اٹیک ہوا جس سے ان  کا رنگ پیلا پڑ گیا، دل کی دھڑکن تیز اور پسینے آنے لگے، ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پراسپتال میں داخل کرلیا اور نواز شریف سے ملحقہ کمرے میں رکھا۔ مریم نواز کو سخت سکیورٹی حصار میں صبح سویرے سروسز اسپتال سے ڈسچارج کر کے واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا، لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مریم کو خرابی  صحت کے باوجود جیل منتقل کرنا ظلم ہے ۔