Friday, April 26, 2024

مریم نواز نے الیکشن کمیشن میں نائب صدارت سے ہٹانے کے کیس میں اپنا جواب جمع کرا دیا

مریم نواز نے الیکشن کمیشن میں نائب صدارت سے ہٹانے کے کیس میں اپنا جواب جمع کرا دیا
June 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الیکشن کمیشن میں نائب صدارت سے ہٹانے کے کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔ الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف دائر درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وکیل عمر سجاد نے مریم نواز کا تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جبکہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی طرف سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔ مریم نواز کی طرف سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں پارٹی نائب صدر کا عہدہ رکھنے کی ایسی کوئی ممانعت نہیں کہ سزا یافتہ شخص پارٹی کی نائب صدارت کا عہدہ نہیں رکھ سکتا یا پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 جس کی شق فائیو ون میں یہ ممانعت تھی کہ کوئی بھی سزا یافتہ شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا یا رکن نہیں ہو سکتا ،پارلیمان کے الیکشن ایکٹ 2017 میں سوچ سمجھنے کے بعد اس شق کو شامل نہیں کیا گیا۔ مریم نواز نے کمیشن سے استدعا کی ہے کہ درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جائے ۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پارٹی صدر شہباز شریف سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔