Friday, April 19, 2024

مریم نواز نے آمدن، ٹیکس دستاویزات عدالت میں جمع کرا دیں

مریم نواز نے آمدن، ٹیکس دستاویزات عدالت میں جمع کرا دیں
January 17, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما کیس میں اپنی آمدنی، اثاثوں اور ٹیکس دستاویزات عدالت میں جمع کرا دیں۔ مریم کا کہنا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں اور والد کی زیرکفالت نہیں، پچھلے سال ایک کروڑ اکیس لاکھ ٹیکس دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سپریم کورٹ میں جواب اور اضافی دستاویزات جمع کرا دیں جن میں آمدن، ٹیکس ادائیگی، بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ مریم نواز نے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد سے اپنے والد کے زیرکفالت نہیں۔ درخواست گزار نے جھوٹ بولا۔ کارروائی کی جائے۔

مریم نواز نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ وہ رائیونڈ اسٹیٹ کے پانچ میں سے ایک گھر میں اپنے 3بچوں اور شوہر کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔ جلاوطنی کے دور کے سوا وہ مستقل اسی گھر میں رہتی ہیں۔ باقی گھروں میں ان کی دادی بیگم شمیم اختر، والد نوازشریف، چچا شہباز شریف اور مرحوم چچا عباس شریف کے خاندان رہتے ہیں۔

ان کی شادی 1992 میں ہوئی اور وہ اس وقت سے ہی اپنے والد کے زیرکفالت نہیں۔ رائیونڈ اسٹیٹ کے مشترکہ اخراجات مل کر برداشت کئے جاتے ہیں۔ جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ انہوں نے 2013 میں مشترکہ اخراجات کی مد میں 50لاکھ روپے ادا کئے۔ 2014 اور 2015ء میں 60، 60 لاکھ روپے ادا کئے۔ جون 2010 میں ان کے ذاتی اثاثے 7 کروڑ 35 لاکھ 431 روپے تھے۔

انہوں نے 2011ء میں 85کنال 19 مرلے زرعی زمین خریدی جس کے پیسے 2012ء میں والد کو واپس لوٹا دیے۔ 2013 میں ان کی آمدنی 65 لاکھ 17 ہزار 504 روپے تھی۔ مریم نواز نے جواب میں یہ بھی موقف اختیار کیا کہ درخواست گزارنے ان کے گوشوارے ٹھیک طرح سے پڑھے بغیر غلط الزامات لگائے۔ جھوٹے الزامات لگانے پر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی جائے۔