Friday, May 17, 2024

مریم نواز نیب لاہور میں پیش ہو گئیں ، 8 اگست کو دوبارہ طلب

مریم نواز نیب لاہور میں پیش ہو گئیں ، 8 اگست کو دوبارہ طلب
July 31, 2019
لاہور ( 92 نیوز)مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے طلب کرنے پر مریم نواز نیب لاہور میں پیش ہو گئیں۔ چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز نیب لاہور میں پیش ہوئیں ، حسن اور حسین نواز بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔ مریم نواز جاتی امرا سے نیب آفس کے لئے روانہ ہوئیں تو کارکنوں نے نعرے لگائے اور گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں ، نیب آفس کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر گاڑی چلا کر مریم نواز کو نیب آفس لائے۔ ان کی آمد پرمسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نعرے بازی کی ،  نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے مریم نواز سے پینتالیس منٹ تک پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے پوچھاآپ کے اکاونٹ میں چارسواسی لاکھ ڈالر دبئی سے کیسے آئے؟، جس پر مریم نوازنے لاعلمی ظاہرکی، مریم نواز نے کہا آپ عباس شریف اور میاں شریف سے پوچھیں۔ نیب کی ٹیم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میاں شریف اور عباس شریف تو فوت ہو چکے ہیں ان سے کیسے پوچھیں؟ ۔ پھرسوال کیا گیا کہ ہم نے آپ کو سمن بھیجا تھا آپ نے اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا؟مریم نوازبولیں مجھے زیادہ وقت چاہئے۔ تحقیقاتی ٹیم نے کہاآپ کے ایک کروڑ کے شیئرز ہیں اور آپ کہہ رہی ہیں کہ آپ کو پتہ ہی نہیں، مریم نواز کی فرمائش پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے انہیں کافی پیش کی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہ کرپائیں،جس پرنیب نے انہیں ریکارڈسمیت آٹھ اگست کو دوبارہ طلب کرلیا، نیب کی ٹیم نے مریم نوازکوسوالنامہ دیا اور انہیں اگلی پیشی پرجوابات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹرپیغام میں کہا کہ خاندان کے کاروبارکے بارے میں نیب کوبہت دفعہ جواب دیے ہیں،یہ صرف جے آئی ٹی کاایجنڈاہے۔نیب کو مخالفین کو خوفزدہ کرنے کے ایجنڈا کے تحت استعمال کیا جارہاہے۔ مریم نواز نیب آفس  میں پیشی کے بعد واپس جاتی امراپہنچ گئیں۔