Monday, May 6, 2024

مریم نواز سروسز اسپتال سے ڈسچارج ، کوٹ لکھپت جیل منتقل

مریم نواز سروسز اسپتال سے ڈسچارج ، کوٹ لکھپت جیل منتقل
October 24, 2019
لاہور  ( 92 نیوز) مریم نواز شریف کو سروسز اسپتال لاہور سے ڈسچارج کر دیا گیا ،  انہیں  سخت سکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔ کوٹ لکھپت جیل کی قیدی نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو والد سے ملنے کی اجازت دی گئی  تو وہ خود اسپتال پہنچ کر بیمار ہو گئیں ، ذرائع کے مطابق والد کو دیکھ کر انہیں اینگزائٹی اٹیک ہوا جس کے باعث انہیں بھی اسپتال داخل کرنا پڑا تاہم طبیعت بہتر ہونے پر علی الصبح انہیں واپس جیل منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کو اینگزائٹی اٹیک ہوا  جس سے ان  کا رنگ پیلا پڑ گیا، دل کی دھڑکن تیز اور پسینے آنے لگے، ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پراسپتال میں داخل کرلیا، اور نواز شریف سے ملحقہ کمرے میں رکھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کا سی بی سی ٹیسٹ اور ای سی جی کی گئی جو نارمل تھیں ،ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دیا ، مریم نواز کے ڈینگی ٹیسٹ کرنے کیلئے بھی نمونے لئے گئے ، ان کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد دو لاکھ سے زائد تھی ۔ مریم نواز کو سخت سکیورٹی حصار میں صبح سویرے سروسز اسپتال سے ڈسچارج کر کے واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا، لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مریم کو خرابی  صحت کے باوجود جیل منتقل کرنا ظلم ہے ۔ مریم نواز کو جیل منتقل کرنے کے بعد ان کے ذاتی استعمال کیلئے گھریلو اشیا ء واپس بھیج دی گئیں جب کہ ذاتی سکیورٹی اسٹاف  بھی استپال سے روانہ ہو گیا۔