Thursday, April 25, 2024

مریم نواز اور یوسف عباس کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا

مریم نواز اور یوسف عباس کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا
September 25, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) چودھری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس  کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ نیب کی جانب سے ملزموں کےجسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے  مریم نواز اور یوسف عباس کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت کی جانب سے چودھری شوگر ملز کا میمورنڈم آف ایسوسی ایشن طلب کیا گیا جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ موجود نہیں لیکن ابھی  فیکس کے ذریعے منگوا لیتے ہیں جس پر عدالت نے تفتیشی کی سرزنش کی ۔

لیاقت قائمخانی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

عدالت نے ریمارکس دیے کہ  تفتیشی افسر کو تحقیقات اور دستاویزی ثبوت جمع کرنے کا کافی وقت دیا گیا ، عدالت نے ملزموں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور 9 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ،  مریم نواز شریف اور عباس شریف کی پیشی کے موقع پر ایم او کالج سے لے کر سیکرٹریٹ  کے راستے کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا تھا۔