Friday, April 19, 2024

مریم نواز اور شہباز شریف کو نواز شریف سے ملنے سے کسی نے نہیں روکا ، صمصام بخاری

مریم نواز اور شہباز شریف کو نواز شریف سے ملنے سے کسی نے نہیں روکا ، صمصام بخاری
March 19, 2019

 لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا مریم نواز اور شہباز شریف کو نواز شریف سے ملنے سے کسی نے نہیں روکا  ،جب چاہیں ملیں۔ حکومت نے مرضی کے اسپتال سے علاج کی آفر بھی کی۔

 وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے الحمرا ہال لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ بات درست نہیں کہ پنجاب حکومت نوازشریف کے علاج میں تعاون نہیں کر رہی۔ ہم نے ملک میں کسی بھی جگہ علاج کی آفر کی مگر نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے ضمانت کی درخواست دی ہے۔ عدالت بیرون ملک جانے دیتی تو ہم میاں نواز شریف کو نہ روکتے۔

 صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے تنخواہوں میں اضافے کے بل کی مخالفت نہیں کی، تاہم پارٹی کے اندر رائے دینا الگ بات ہے، بل پر اب ایوان کے اندر ہی بات ہو گی۔

اس سے قبل فنکاروں میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ثقافت کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا تک پہنچایا جائے۔