Saturday, April 20, 2024

مریم صفدر کی پہچان جھوٹ، فریب اور چوری ہے، فرخ حبیب

مریم صفدر کی پہچان جھوٹ، فریب اور چوری ہے، فرخ حبیب
July 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا، مریم صفدر کی پہچان جھوٹ، فریب اور چوری ہے۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کی، کشمیری عوام جانتے ہیں ان کی حقیقی آواز عمران خان ہیں، وزیراعظم نے دنیا بھر میں مودی کا چہرہ بے نقاب کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کشمیریوں کے کاز کو زندہ رکھا ہے اور نمایاں کیا، بھارت کیساتھ تجارت کھولنے کے لئے بہت دباؤ تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔

اُنہوں نے کہا، کشمیری لوگ جانتے ہیں یہ لوگ بھیس بدل کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں، گلگت بلتسان میں بھی یہ لوگ بری طرح متاثر ہوئے، یہ وہی مریم ہیں جنہوں نے کہا تھا میری دنیا میں کوئی پراپرٹی نہیں۔

مودی کے حلف پر جا کر یہ کشمیریوں سے نہیں اداکاروں سے ملتے رہے،  کشمیر کاز کے حوالے سے ہمیں سبق نہ پڑھائیں، کشمیر کی عوام اس الیکشن میں مودی کو منہ توڑ جواب دینے والے کو ووٹ دیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا، کشمیر میں ایک پرچی چیئرمین بھی گھوم رہے ہیں، وہاں بھی کرپشن پہنچانا چاہتے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں ان بہروپیوں سے بچیں۔