Tuesday, April 16, 2024

مریم صفدر کی عبوری ضمانت کی توثیق

مریم صفدر کی عبوری ضمانت کی توثیق
April 18, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور کی مقامی عدالت نےسانحہ  یوحنا آباد میں بلوائیوں کو گاڑی کے نیچے کچلنےوالی خاتون کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نویداقبال کے روبرو مریم صفدر اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ درخواست ضمانت پر وکلا نے باری باری دلائل دیئے مریم صفدر کے وکیل پیر ایس اے رشید نے عدالت کو بتایا کہ مریم پرحملہ کیا گیا تھا، اس نے اپنی جان بچانے کیلئے گاڑی بھگادی، جس کی وجہ سے تین افراد گاڑی کے نیچے کچلے گئے۔ ایس اے رشید نے موقف اختیار کیا کہ مریم صفدر کی ان افراد کو جان سے مارنے کی کوئی نیت نہیں تھی نہ ہی ان سے کوئی ذاتی دشمنی تھی۔ مدعی حمید مسیح کے وکیل طاہر بشیر نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی اور کہا کہ کوئی بھی ایسا اقدام جس کی وجہ سے کسی کی جان جاسکتی ہو، اسے کرنے سے پہلے سوچنا چاہیئے۔ طاہر بشیر ایڈووکیٹ نے پولیس پر جانبداری کا الزام لگایا اور کہا  کہ پولیس نے خاتون کو گرفتار نہیں کیا اور عبوری ضمانت کیلئے عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا۔ پولیس کی جانب سے تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں یہ بتایا کہ حملے کی وجہ سے مریم صفدر حواس باختہ ہوگئ تھیں۔ عدالت نے دونوں طرف کے وکلا کے دلائل سننے کے بعدعبوری ضمانت کی توثیق کردی ہے۔