Saturday, April 20, 2024

مریضہ کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا

مریضہ کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا
January 3, 2017

 لاہور(92نیوز)جناح اسپتال لاہور کے ٹھنڈ ے فرش پر دم توڑنے والی خاتون مریِضہ کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنا کام شروع کر دیا کمیٹی ابھی اسپتال میں موجود تھی کہ ایک اور مریض ڈاکٹرز اور عملہ کے ناروا سلوک کا شکار ہو گیا۔

تفصیلات کےمطابق پروفیسر فیصل مسعود کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی جناح اسپتال پہنچی ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کے بیانات قلمبند کرنے کے علاوہ ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر یوسف ظفر کو بھی طلب کیا۔  کمیٹی کے دیگر ممبران میں پروفیسر سردار فخرامام اور ڈاکٹر سلمان شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔ انکوائری کمیٹی مریضہ کے اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کرے گی۔ دل کی مریضہ ساٹھ سالہ زہرہ بی بی پیر کے روز مختلف اسپتالوں میں دھکے کھانے کے بعد جناح اسپتال کے فرش پر دم توڑ گئی تھی وزیر اعلیٰ کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی جناح اسپتال میں غفلت کے ذمہ داروں کو سامنے لانے کیلئے تحقیقات کررہی تھی کہ کمیٹی کی اسپتال میں موجودگی کے باوجود ایک اور مریض ڈاکٹرز اور عملہ کے ناروا سلوک کا شکار ہو گیا ڈاکٹرز نے اوکاڑہ سے آئے ہوئے مریض عبدالرحمان کا علاج مکمل کئے بغیر ہی اسپتال سے فارغ کر دیا۔