Thursday, March 28, 2024

مریدکے میں فرنس آئل فیکٹری میں آگ لگنے سے تین مزدور جاں بحق

مریدکے میں فرنس آئل فیکٹری میں آگ لگنے سے تین مزدور جاں بحق
January 7, 2021

مریدکے (92 نیوز) مریدکے میں فرنس آئل فیکٹری میں آگ لگنے سے تین مزدور جاں بحق ہو گئے۔ آگ بوائلر پھٹنے کے باعث لگی۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب آہدیاں روڈ پر فرنس آئل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے تین مزدور فیصل ، آصف اور ریاست جھلس کر جانبحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے جس سے بوائلر پھٹ گیا اور چھ سات مزدور لاپتہ ہو گئے جن میں سے تین مزدوروں کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ آگ کو کنٹرول کرنے کیلئے مریدکے شاہدرہ شیخوپورہ اور لاہور سے بیس کے قریب فائیر ٹینڈرز کی گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ درجن سے زائد ریسکیو 1122 اور ایدھی کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ پولیس کا کہنا ہے لاہور کے رہائشی ریاض اور فیاض نامی دو بھائیوں کی فیکٹری ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔