Friday, April 19, 2024

مرید عباس قتل کیس ، ملزم عاطف زمان کا ڈرائیور ندیم دوران علاج دم توڑ گیا

مرید عباس قتل کیس ، ملزم عاطف زمان کا ڈرائیور ندیم دوران علاج دم توڑ گیا
July 27, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان کا ڈرائیور ندیم دوران علاج دم توڑ گیا۔ ڈرائیور ندیم کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ متوفی کی لاش اس کے بھائی عقیل نے وصول کی۔ ادھر کراچی میں اینکر مرید عباس اور خضر حیات قتل کیس کے مرکزی ملزم عاطف زمان کا نیا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ ملزم نے کاروبار نہ کرنے اور سرمایہ کاروں کا پیسہ ادھر، ادھر کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ملزم عاطف نے اعتراف کیا کہ میں ٹرانزیکشن بینک سے کرتا تھا، میرے پاس پیسے پڑے ہوتے تھے، چار سال کور کر گیا۔ ملزم نے بتایا کہ یاسر نے ایک بار دو کروڑ، دوسری بار 80 لاکھ روپے نکالے، جس کی وجہ سے پیسے کم پڑ گئے۔ دوسری جانب ملزم متاثرہ سرمایہ کاروں کی فہرست میں شامل عدنان مصطفیٰ ملزم عاطف زمان کا ملازم اور بینک اکاونٹس کا نگران نکلا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے عدنان مصطفی کو اکاؤنٹس کی تفصیل کیلئے طلب کرلیا ہے۔ عدنان مصطفی نے مبینہ ٹائر بزنس میں دو کروڑ بیانوے لاکھ کی انوسٹمنٹ کر رکھی تھی۔ ادھر  ملزم  عاطف زمان کا ڈرائیو ر ندیم  جناح اسپتال میں دم  توڑ گیا ۔ ندیم نے  چند روز قبل اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑے  کے بعد زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی ، جس کے بعد وہ جمعہ کی شب اسپتال میں دم توڑ گیا ۔