Thursday, April 25, 2024

مرید عباس قتل کیس ، تحقیقاتی ٹیم نے عاطف زمان کے انویسٹرز کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی

مرید عباس قتل کیس ، تحقیقاتی ٹیم نے عاطف زمان کے انویسٹرز کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی
July 20, 2019
 کراچی (92 نیوز) اینکر پرسن مرید عباس کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ تحقیقاتی ٹیم نے عاطف زمان کے انویسٹرز کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ کراچی کی مقامی عدالت میں مرید عباس اور خضرحیات قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں زخمی ملزم عاطف کو آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عاطف زمان کےعلاج کا بل نہیں دیا جا رہا۔ ملزم کے وکیل اور ماموں نے استدعا کی کہ عاطف زمان کو جناح اسپتال منتقل کر دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کو جیل بھیج دیتے ہیں وہ سرجن اس کا علاج کرے گا جس پر ملزم کے ماموں محمد اشفاق نے بل جمع کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ملزم عاطف زمان پیر تک نجی اسپتال میں زیرعلاج رہے گا۔ دوسری جانب پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے عاطف زمان کے انویسٹرز کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق عاطف نے انویسٹرز کو ایک ارب 56 کروڑ 37 لاکھ 76 ہزار کی رقم ادا کرنی تھی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق عاطف سرمایہ کاروں کو مجموعی رقم پر ماہانہ 30 کروڑ 15 لاکھ بیس ہزار روپے منافع دیتا تھا۔ ذرائع کے مطابق مقتول مرید عباس عاطف زمان کو گیارہ کروڑ 72 لاکھ پچاس ہزار روپے دے چکا تھا۔ مقتول مرید عباس کو دو کروڑ 93 لاکھ بارہ ہزار منافع ملنا تھا۔ مقتول خضرحیات کے عاطف زمان کے پاس ایک کروڑ 58 لاکھ روپے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق پولیس صرف دوہرے قتل کی تحقیقات کرے گی۔ مالی معاملات کی تفتیش کے لئے نیب سے درخواست کی جائے گی۔