Saturday, April 20, 2024

مرید عباس سمیت دو افراد کا قتل ، تحقیقاتی ٹیم کا نیب سے تفتیش کیلئے اعلیٰ حکا م کو خط

مرید عباس سمیت دو افراد کا قتل ، تحقیقاتی ٹیم کا نیب سے تفتیش کیلئے اعلیٰ حکا م کو خط
July 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں اینکر مرید عباس  سمیت 2 افراد کا قتل کیس نیا رخ اختیار کرگیا ، تحقیقاتی ٹیم نے نیب سے تفتیش کیلئے اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا  جس میں کہا ہے کہ قتل کے پیچھے ایک ارب روپے سے زائد مالی فراڈ سامنے آیا ہے ۔ دوسری جانب عاطف زمان اور مرید عباس کے موبائل فون ریکارڈ کے مطابق اسلام آباد اور لاہور کے اینکرز نے بھی ٹائروں کے کاروبار میں لاکھوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی تھی ۔ مرید عباس قتل کیس  گُتھی سُلجھنے کی بجائے مزید الجھنے لگی  ، ایس ایس پی ساؤتھ نے نیب سے تحقیقات کروانے کیلئے ڈی آئی جی ساؤتھ کو سفارش کردی ۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق 2 افراد کا قتل ایک ارب روپے سے زائد مالیاتی فراڈ کے باعث ہوا ہے   جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 100 سے زائد ہے  جن میں سے زیادہ کا تعلق میڈیا سے ہے   اور پولیس کو ریکوری کیلئے سخت پریشانی کا سامنا ہے، نیب تمام افراد کو طلب کرکے تفتیش کرے ۔ دوسری جانب عاطف زمان اور مرید عباس کے فون ڈیٹا سے حاصل کیے گئے ریکارڈ کے مطابق اسکینڈل میں لاہور اور اسلام آباد کے نیوز اینکرز کے نام بھی سامنے آئے ہیں  ، جنہیں عاطف زمان، مرید کے ذریعے 2 سے 3 ماہ بعد منافع ٹرانسفر کرتا تھا ۔ کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا کہ عاطف زمان کی حالت عدالت میں پیش کرنے کے قابل نہیں ، ملزم کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ عاطف زمان کے والد اور بھائی کو پولیس نے حراست میں رکھا ۔ عدالت نے ملزم سے متعلق 30 جولائی تک رپورٹ طلب کرلی، جبکہ عاطف زمان کے جسمانی ریمانڈ میں 19 جولائی تک توسیع کردی ۔