Thursday, April 18, 2024

مرید عباس اور دوست کی نماز جنازہ ادا ، میتیں آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئیں

مرید عباس اور دوست کی نماز جنازہ ادا ، میتیں آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئیں
July 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں فائرنگ سے جاں بحق نجی ٹی وی کے اینکرمرید عباس اور انکے دوست کی نماز جنازہ ادا کر نے کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنےافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ  متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کراچی میں فائرنگ سے جاں بحق نجی ٹی وی کے اینکرمرید عباس اور انکے دوست کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، میتیں آبائی علاقوں کو بھجوا دی گئیں ۔ مرید عباس کی تدفین میانوالی کی تحصیل پپلاں  میں کی جائے گی جبکہ خضر  حیات کو گجرات میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرید عباس اور خضر حیات کو انکے دوست عاطف زمان نے پیسوں کے لین  دین کے تنازع پر فائرنگ کر کے قتل کیا،ملزم نے گھر جاکر خود کو بھی گولی مارلی۔ مرید عباس کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر کی خطیر رقم  عاطف زمان کے پاس تھی اور منگل کی  رات 8 بجے ملزم نے مرید کو فون کرکے ڈیفنس بلایا تھا۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق  اینکر مرید عباس کو   سینے،کمر اور ہاتھ پر 4 گولیاں لگیں جبکہ خضر کو تین گولیاں لگیں،ایم ایل او جناح اسپتال کے مطابق دونوں کو ایک ہی اسلحے سے قتل کیا گیا، دونوں افراد کی موت سینے پر لگنے والی گولی سے ہوئی۔ اینکر مرید عباس کے قتل پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اظہار افسوس کیا اور کہا متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ادھر  پہلوان  گوٹھ  کے علاقے میں  چائے  کے ہوٹل پر بیٹھے  دو افرادکو  نا معلوم  ملزمان  نے  فائرنگ کرکے  قتل کردیا ،وزیر اعلیٰ  سندھ  نے نوٹس  لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے  دونوں  واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔