Thursday, April 25, 2024

مرید عباس اور دوست کا قتل ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

مرید عباس اور دوست کا قتل ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
July 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں گزشتہ رات ڈیفنس خیابان بخاری میں ٹی وی اینکر مریدعباس اور اس کے دوست کے قتل کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے ، جس میں مرید عباس کی لاش لے جاتے اور ملزم عاطف زمان کو اسلحہ تھامے دیکھا جاسکتا ہے ۔ پولیس نے ایک مقدمہ مقتول اینکر کی اہلیہ کی مدعیت میں، جبکہ دوسرا مقدمہ ملزم عاطف زمان کی خودکشی کی کوشش پر سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا ۔ ملزم تاحال زخمی حالت میں نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے ،مریدعباس کی تدفین میانوالی اور خضرحیات کو جھنگ میں سپردخاک کیا جائے گا ۔ کراچی میں کاروباری تنازع پر گولیاں چل گئیں  ، ٹی وی چینل کے اینکر سمیت 2 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا  ، ٹی وی اینکر مریدعباس اور ساتھی خضرحیات کے قتل کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی  ، جس میں مرید عباس کی لاش کو لفٹ کے ذریعے عمارت سے باہر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے ، اس دوران پولیس اہلکار بھی عمارت میں داخل ہوئے ۔ ایک اور فوٹیج میں 2 افراد کو سیڑھیوں سے اترتے اور جان بچانے کیلئے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے  ، جبکہ ملزم عاطف زمان اور اس کے ساتھ ایک شخص ہاتھ میں اسلحہ تھامے عمارت سے باہر جاتے اور پھر واپس آتا ہے ۔ پولیس نے ملزم کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے 35 افراد کی تفصیلات حاصل کرلیں  ، عاطف زمان نے اینکر اور خضرحیات سمیت 5 افراد سے رابطے کیے تھے  جبکہ مرید عباس کو بڑا بخاری اور خضرحیات کو چھوٹا بخاری آنے کا کہا تھا ۔ پولیس نے مقتول کے 2 دوستوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے فائرنگ کے بعد جان بچاتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی تھی ۔