Sunday, September 8, 2024

مریخ کیسے خشک ہوا !!! خلائی گاڑی کیوروسٹی نے سیارہ مریخ سے نایاب تصاویر بھیج دیں

مریخ کیسے خشک ہوا !!! خلائی گاڑی کیوروسٹی نے سیارہ مریخ سے نایاب تصاویر بھیج دیں
August 22, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ کی خلائی ایجنسی ناسا نے سیارہ مریخ پر بھیجی گئی گاڑی کیورو سٹی کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ کیوروسٹی نے یہ تازہ تصاویر بک سکن کے مقام پر لی ہیں۔ یہ مقام اس مشن کے ہدف کی ساتویں چٹان ہے جہاں سے اس نے تجزیے کےلئے نمونے اکٹھے کرنے ہیں۔ ناسا ہر اس جگہ متعدد تصاویر لینے کی کوشش کرتا ہے جہاں کیوروسٹی مریخ کی سطح پر ڈرلنگ کرتی ہے۔ ناسا انجینئرز مزید تصاویر اکٹھی کر کے ان تصاویر کو ایک ساتھ جوڑ کر ایک پینوراما بنائیں گے تاکہ تمام منظر واضح ہو جائے۔ کیوروسٹی کو مریخ پر گئے تین سال ہوگئے ہیں۔ یہ اس وقت ایک گہرے استوائی پیالہ نما جگہ پر ہے جسے گیل کریٹر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کے بیچ میں ایک بڑا پہاڑ ہے جس کو غیر رسمی طور پر ماو¿نٹ شارپ کا نام دیا گیا ہے۔ اس وقت کیوروسٹی اس کے دامن سے ہوتی ہوئی اوپر چڑھ رہی ہے اور چٹان کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔ اب تک تجزیوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کروڑوں سال قبل کریٹر پر تالاب تھا۔ کیوروسٹی کے اکٹھے کیے ہوئے نتائج سے تالاب میں ماضی میں بہتے ہوئے پانی کے ثبوت ملے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس وقت کے حالات بتاتے ہیں کہ شاید یہاں کسی دور میں جرثومی زندگی بھی پائی جاتی ہو۔ کیوروسٹی جیسے جیسے پہاڑ پر چڑھ رہی ہے امکان ہے کہ اسے مریخ کے خشک ہونے کے ثبوت مل جائیں۔ آج مریخ مکمل طور پر خشک اور سرد ہے۔ سائنس دان جاننا چاہتے ہیں کہ ایسا کب اور کیسے ہوا۔