Friday, May 17, 2024

مریخ پرزندگی کی تلاش کا مشن، خلائی روبوٹ کا سرخ سیارے پر پہنچتے ہی کام شروع

مریخ پرزندگی کی تلاش کا مشن، خلائی روبوٹ کا سرخ سیارے پر پہنچتے ہی کام شروع
February 19, 2021

نیو یارک (92 نیوز) مریخ پر زندگی کی تلاش کا مشن لیئے خلائی روبوٹ نے سرخ سیارے پر پہنچتے ہی کام شروع کر دیا۔ خلائی روبوٹ نے مریخ کی تصاویر شیئر کر دیں۔

خلائی ادارے ناسا نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ نظامِ شمسی کے چوتھے سیارے مریخ پر اب ایک اور روبوٹ پہنچ گیا ہے۔ ناسا کے خلائی مشن پر سویرنس روور نے مریخ کی پہلی تصویربھی  شیئر کر دی۔ حکام کے مطابق مریخ سے پتھروں کے نمونے آئندہ چند برس میں ہی زمین پر بھیج دئیےجائیں گے۔

مریخ پر مشن کی کامیاب لینڈنگ کی تصدیق ہونے پر ریاست کیلیفورنیا میں ناسا کے مشن کنٹرول میں موجود انجینئرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ یہ ناسا کی جانب سے مریخ پر اتارا گیا ایک ٹن وزنی دوسرا روور ہے۔

 اس مشن پر 20 سے زیادہ کیمرے اور دو مائیکرو فون ہیں۔ دو کیمرے ایک چھوٹے ہیلی کاپٹر پر ہیں جو مریخ کی ویران آب و ہوا میں اڑان بھرنے کی کوشش کرے گا۔

1970 کی دہائی  کے بعد یہ مریخ پر ناسا کا پہلا مشن ہے جو زندگی کے آثار ڈھونڈے گا۔ 2026 میں ایک اور چھوٹا روور لانچ کیا جائے گا جو جزیروں کے قریب پہنچے گا اور پرسیویرنس کے اکٹھے کردہ نمونے حاصل کر لے گا۔

اس منصوبے کا مقصد خلابازوں کو مریخ پر پہنچانا ہے۔ پرسیویرنس ایسے تجربات کرے گا جس سے دیکھا جائے گا کہ آیا مریخ پر سانس لینے کے لائق آکسیجن پیدا کی جاسکتی ہے، کیونکہ سیارے  میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی کثرت پائی جاتی ہے۔