Friday, April 26, 2024

مریخ پر محفوظ اترنے کیلئے کیا گیا ناسا کا تجربہ ناکام، ہیلیم گیس سے بھرا غبارہ بحرالکاہل میں جا گرا

مریخ پر محفوظ اترنے کیلئے کیا گیا ناسا کا تجربہ ناکام، ہیلیم گیس سے بھرا غبارہ بحرالکاہل میں جا گرا
June 9, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کا مستقبل میں مریخ پر اترنے کی کوششوں کے سلسلے میں ہیلیم سے بھرے غبارے کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس غبارے کو امریکی ریاست ہوائی کے کاوآئے جزیرے سے چھوڑا گیا اور تجرباتی طور پر اس میں طشتری کی شکل اور وزن کی چیز رکھی گئی لیکن منصوبے کے مطابق یہ کامیاب نہیں رہا کیونکہ اس کا پیراشوٹ بروقت نہ کھل سکا۔ ناسا کے سائنسدانوں کو امید تھی کہ اس تجربے سے خلابازوں کا مریخ پر اترنے کا راستہ ہموار ہوگا۔ اس تجربے میں اس بات کی کوشش کی گئی تھی کہ آواز کی رفتار سے زیادہ تیز چلنے والی کوئی گاڑی جب مریخ کے فضائی حدود میں پہنچے گی تو وہ اپنی رفتار کس طرح کم کرے گی۔ واضح رہے کہ ایک سال قبل بھی اس قسم کا ایک تجربہ ناکام رہا تھا۔ ہیلیم گیس سے بھرے ایک غبارے کو جس میں طشتری نما چیز رکھی گئی تھی خلا میں 37 کلو میٹر کی بلندی پر لے جایا گیا اور پھر وہاں اس میں موجود ایک خودکار راکٹ کے ذریعے مزید 50 کلومیٹر دور بھیجا گیا۔ منصوبے کے مطابق وہاں پیراشوٹ کو رفتار کم کرنے کے لیے کھلنا تھا لیکن یہ پیرا شوٹ جزوی طور پر ہی کھل سکا اور تمام چیزیں بالآخر بحرالکاہل میں جا گریں۔