Friday, May 17, 2024

مری ، پتریاٹہ کیبل کار کا رسہ پلی سے اترنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں بعد مکمل

مری ، پتریاٹہ کیبل کار کا رسہ پلی سے اترنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں بعد مکمل
June 30, 2019
 مری (92 نیوز) مری میں پتریاٹہ کیبل کار کا رسہ پلی سے اترنے کے واقعے میں ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں بعد مکمل ہو گیا۔ تمام چھیانوے سیاحوں کو باحفاظت اتار لیا گیا۔ ریسکیو انتظامیہ کیساتھ پاک فوج بھی امدادی کاموں میں مصروف رہی۔ آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی انجینئرز نے ریسکیو انتظامیہ کیساتھ ملکر کیبل ٹاورز کی مرمت کی۔ متاثرہ افراد کو کھانا اور پانی بھی فراہم کیا گیا۔ انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری مکمل ہونے تک کیبل کار اور پنڈی پوائنٹ چیئرلفٹ بند کر دی۔ پتریاٹہ کیبل کار سے بحفاظت ریسکیو کئے گئے سیاحوں نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا چھ سے سات گھنٹے پھنسے رہے، اہلکاروں نے شاندار طریقے سے ریسکیو کیا۔ ہر قسم کی سہولت دی ہے، پاک آرمی سمیت تمام اداروں کے مشکور ہیں۔ گزشتہ روز شدید آندھی طوفان کے باعث پتریاٹہ کیبل کار اچانک بند ہو گئی تھی۔ پتریاٹہ میں چیئرلفٹ کی خرابی کی وجہ سے سیاحوں کو سیر سپاٹے کے دوران جان کے لالے پڑ گئے۔ رسہ اترنے سے چیئرلفٹ آسمان پر اٹک گئی تھی۔ آندھی اور بارش کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ریسکیو آپریشن شروع ہی نہ کیا جاسکا تاہم انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں جس کے بعد درجنوں سیاحوں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ امدادی کاموں کے دوران ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے احکامات پر راولپنڈی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔ پولیس اہلکاروں کو بھی امدادی کارروائیوں کیلئے طلب کرنا پڑا تھا۔