Thursday, April 25, 2024

مری میں سیاح فیملی کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے بعد پروٹیکشن فورس تعینات

مری میں سیاح فیملی کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے بعد پروٹیکشن فورس تعینات
December 18, 2018
مری (92 نیوز) مری میں سیاح فیملی کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے بعد پروٹیکشن فورس تعینات کر دی گئی۔ ہوٹل گائیڈز کے لئے بیج ، یونیفارم لازمی قرار جبکہ ہوٹل گائیڈز کی اسٹنٹ کمشنر آفس میں رجسٹریشن لازم ہو گی۔ مری میں سیاح فیملی کے ساتھ ہوٹل ایجنٹس کی بدتمیزی کے واقعے پر اعلیٰ حکومتی حکام کا نوٹس کام کر گیا ۔ انتظامیہ نے سیاحوں کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ مری میں سیاحوں کے تحفظ کے لئے ٹورسٹ پروٹیکشن فورس تعینات کر دی گئی۔ تجربہ کامیاب رہنے کی صورت میں دیگر شہروں میں بھی یہ فورس تعینات کی جائے گی۔ مری میں سیاحوں کے تحفظ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر  اور سی پی او احسن عباس  کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بڑے فیصلے کئے گئے۔ سیاحوں کے تحفظ کے لئے صرف پروٹیکشن فورس ہی نہیں بلکہ خصوصی طور پر ڈولفن فورس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ سیاحوں کی سہولت اورشکایات کے ازالہ کیلئے مال روڈ پر ٹوریسٹ ہیلپ ڈیسک بن گیا جبکہ ہوٹل گائیڈ کیلئے نام بیج اور یونیفارم لازم قرار دے دیا گیا ۔ مری میں ہوٹل ایجنٹس کے خلاف دفعہ 144 کا نفاذ بھی ہو گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اکتیس دسمبر تک تمام ھوٹل گائیڈ کی اسٹنٹ کمشنر آفس میں رجسٹریشن لازم ہوگی جس پر ہوٹل مالک اوراسسٹنٹ کمشنر کے دستخط ہونگے ۔ مال روڈ اور جی پی او چوک میں کوئی ہوٹل گائیڈ تعینات نہ ہو گا۔ واضح رہے چند روز قبل مری میں سیاح فیملی کے ساتھ ہوٹل ایجنٹس کی بدتمیزی کا معاملہ سامنے آیا جس پر اعلیٰ حکام نے نوٹس بھی لیا اور فوری عملی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔