Saturday, April 20, 2024

مری میں خاتون سیاح پر تشدد، شک کی بنیاد پر7ملزم گرفتار

مری میں خاتون سیاح پر تشدد، شک کی بنیاد پر7ملزم گرفتار
December 18, 2018
مری( 92 نیوز) مری میں خاتون سیاح پر تشدد کے معاملے پر 7مشکوک افراد کو پکڑ لیا گیا ،  مقدمے میں نامزد واحد ملزم ندیم کو تاحال پکڑا نہیں جا سکا جبکہ مال روڈ پر پولیس بھی تعینات نہیں کی جاسکی، اُدھر پولیس حکام نے مری میں رش والے مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کا دعویٰ کر دیا ، جبکہ لاپروائی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ مری بائیکاٹ سے بھی مری کے باسیوں نے کچھ نہ سیکھا، برفباری کا نظارہ کرنے کے لیے آنے والے سیاحوں پرہوٹل ایجنٹس کے تشدد اور خاتون سے نازیبا گفتگو اور ہاتھا پائی  کی ۔تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے ٹیمیں تشکیل دیں۔ راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے مری کے علاقے نمبل کے رہائشی ندیم اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے ہیں، سات  مشکوک افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ تاہم مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا ہے۔گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے بعد سامنے لایا جائے گا. وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ چوکی انچارج مظہر اکرام ، محرر عبید اور کانسٹیبل اسلم کو معطل کر دیا گیا ہے۔