Saturday, April 20, 2024

مری میں تمام غیر قانونی تعمیرات کی سکروٹنی ہو گی ، سپریم کورٹ

مری میں تمام غیر قانونی تعمیرات کی سکروٹنی ہو گی ، سپریم کورٹ
January 16, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے مری میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق بڑا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام غیر قانونی تعمیرات کی سکروٹنی ہو گی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مری میں غیر قانونی تعمیرات کےخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
سماعت میں سرکاری وکیل رزاق مرزا نے عدالت کو بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات پر شہر میں منادی کرا دی ہے۔ 125 افراد کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔ کارروائی کرتے ہیں تو لوگ احتجاج کرتے ہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مری اب وہ نہیں رہا جہاں لوگ چھٹیاں منانے جاتے تھے۔ غیر قانونی عمارتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ قانون کے خلاف تعمیرات پر کارروائی ہو گی۔ جو تعمیرات جزوی غیر قانونی ہیں ، انہیں کارروائی کر کے قانون کے دائرے میں لائیں۔ قانون کی اجازت جہاں تک ملتی ہے وہ دیں۔ تعمیری کام کرتے ہوئے آئندہ کے لئے سبق دیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سچ بولنے والوں کو عدالت سے کوئی تکلیف نہیں ہو گی۔ کوئی وکیل چھٹی پر ہوا تو بھی کیس ملتوی نہیں کیا جائیگا۔ دھرنے اور احتجاج سے ڈرنے والے نہیں۔ ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہئے جو ناجائز دھرنے دیتے ہیں۔
عدالت نے 3 ہفتے میں تمام تعمیرات کی سکروٹنی کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔