Thursday, March 28, 2024

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 رمضان کو ہوگا ، مفتی منیب الرحمان

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 رمضان کو ہوگا ، مفتی منیب الرحمان
May 20, 2020

کراچی ( 92 نیوز) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ  مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 رمضان کو ہوگا، جو بھی صورتحال ہو گی اس کے مطابق اتفاق رائے سے فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔

چینل 92 نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے  چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ  اللہ کا شکر ہے پاکستان واحد ملک ہے جس کی مساجد ایک روز کے لیے بھی بند نہ ہوئیں اور آباد رہیں، رمضان المبارک میں بھی عبادات کا سلسلہ جاری رہا، اس حوالے سے حکومت کے ساتھ 20نکاتی معاہدہ ہوا۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ  نماز عید گھر پر ادا نہیں کی جاسکتی، یہ مسلمانوں کی شوکت کا اظہار ہے، نماز عید کھلے میدانوں میں پڑھی جانی چاہئے، پاکستان کے شہروں میں جہاں جہاں میدان موجود ہیں حکومت وہاں عید کی نمازوں کے لیے انتظام کرے۔

انہوں نے کہا کہ گنجان آبادی کے شہری علاقے جہاں کھلے میدان میسر نہیں ان کے لیے ہم نے پہلے ہی فتویٰ دے رکھا ہے عید کی دو نمازیں دو خطبوں کے ساتھ الگ سے ادا کی جاسکتی ہیں۔