Sunday, September 8, 2024

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا
July 5, 2016
لاہور (92نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا۔ ملک بھر میں عیدالفطر بروز بدھ  چھ جولائی کو منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرصدارت لاہور میں ہوا۔ علماءکرام شوال کا چاند دیکھنے کیلئے ایوان اوقاف لاہور کی بلڈنگ میں اکٹھے ہوئے۔ ملک بھر سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے متفقہ طور پر بروز بدھ عید کا اعلان کر دیا۔ رویت ہلال کی شہادتیں لاہور‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ لوئردیر‘ ڈیرہ بگٹی سے موصول ہوئیں۔ قبل ازیں میڈیا پر چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کی خبریں چلنے پر مفتی منیب الرحمن غصے میں آ گئے۔ انہوں نے بلاتصدیق خبریں چلانے پر میڈیا نمائندوں پر خفگی کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ابھی تک عید کا چاند نظر نہیں آیا جیسے ہی نظر آئے گا وہ خود اعلان کریں گے۔ بعدازاں انہوں نے سعودی عرب خصوصاً مدینہ منورہ میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت اور اظہار افسوس کیا۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ملک بھر سے ملنے والی معتبر لوگوں کی شہادتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ شوال کا چاند نظر آ گیا ہے لہٰذا کل بروز بدھ  چھ جولائی 2016ءکو عید ہو گی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور امت مسلمہ کو لاحق خطرات سے بچنے‘ ان کی حفاظت اور سلامتی کی دعا کی۔ دریں اثنا لاہور میں سات سو سے زائد مقامات پر عیدالفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔ جامع مسجد داتا دربار میں ساڑھے سات بجے جبکہ بادشاہی مسجد میں ساڑے آٹھ بجے عید کی نماز ادا کی جائے گی جبکہ مولانا محمد رمضان سیالوی خطبہ دیں گے۔ عید کے اجتماعات کے لیے سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں صبح سات بجے حافظ محمد سعید عیدالفطر کی نماز پڑھائیں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ، ادارہ منہاج الحسین جوہرٹاون اور جامعہ اشرفیہ میں ساڑھے سات بجے عید کی نماز ادا کی جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکز ماڈل ٹاون جبکہ جامع المنہاج ٹاون شپ میں پونے آٹھ بجے عیدالفطر کی نمازیں ادا کی جائیں گی۔ نماز عید میں ڈاکٹر طاہرالقادری بھی شریک ہوں گے۔ بحریہ ٹاون کی جامع مسجد میں صبح آٹھ بجے نمازعید ادا کی جائے گی۔ ساڑھے آٹھ بجے بادشاہی مسجد میں علامہ عبدالخبیر آزاد عیدالفطر کی نماز پڑھائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت میں عیدالفطر کے سات سو سے زائد چھوٹے اور بڑے اجتماعات ہوں گے۔ پولیس کی طرف سے عید کے اجتماعات کے لیے سکیورٹی کے خصوصی اقدا مات کیے گئے ہیں۔