Saturday, April 27, 2024

مرکزی حکومت غیرمستحکم، کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں، بلاول

مرکزی حکومت غیرمستحکم، کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں، بلاول
August 10, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وفاق پر سندھ کے ساتھ نا انصافی کا الزام عائد کردیا، کہتے ہیں مرکزی حکومت بہت غیرمستحکم ہے، کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔

منگل کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، پیپلز پارٹی کسی اور کے نہیں عوام کے اشاروں پر یقین رکھتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بولے کہ، حکومت اور دوسری جماعتیں کراچی کے لئے کچھ کرنے کو تیار نہیں، مردم شماری میں گنتی کم دکھائی جائے اور این ایف سی میں پورا حصہ نہ ملے تو مشکل تو ہوگی۔ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہے۔ آنے والی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، دہشت گردی کے واقعات  قابل مذمت ہیں، حکومت کو دہشت گردی کے خلاف سخت رویہ رکھنا ہوگا۔ افغانستان کی نئی صورتحال کے سبب نیشنل ایکشن پلان پر عمل ضروری ہوگیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا، مولانا فضل الرحمان کی بہت عزت کرتا ہوں، جب تک پی ڈی ایم کا حصہ تھے اپوزیشن ضمنی الیکشن جیت رہی تھی۔ اپوزیشن اگر سنجیدہ ہے تو ذاتی مفاد کو بالائےطاق رکھنا ہوگا۔