Sunday, September 8, 2024

مرچ مصالحے والا کھانا کھانے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے: تحقیق میں انکشاف

مرچ مصالحے والا کھانا کھانے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے: تحقیق میں انکشاف
August 8, 2015
لندن (ویب ڈیسک) ماہرین صحت نے چٹ پٹے مصالحے دار کھانوں سے دسترخوان سجانے والے افراد کی پوری پوری حوصلہ افزائی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین صحت نے روایتی مرچ مصالحوں اور ان کے اجزاءکے فائدہ مند اثرات کے مشاہدے کے بعد کہا ہے کہ ان سے قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ وسیع پیمانے پر کیے جانے والے ایک مطالعے کے مطابق جو لوگ ہر روز مرچ مصالحے والے کھانے کھاتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ محققین کو پتا چلا ہے کہ مرچوں والے کھانے کینسر، سانس کی بیماریوں اور دل کے امراض کے باعث ہونے والی اموات کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی، ہاورڈ سکول آف پبلک ہیلتھ اور چائنیز اکیڈمی آف میڈیکل سائنس کے تحقیق دانوں نے اپنے مشترکہ مطالعے میں روزانہ کی خوراک میں مصالحہ دار کھانوں کی کھپت اور موت کے کل خطرے اور وجوہات کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی ہے۔ سائنس دانوں نے یہ تحقیق 30سے 79برس کے 4لاکھ 87ہزار 375 شہریوں کے مشاہدے کے بعد مرتب کی۔ سائنسدانوں نے 2004ءسے 2008ءکے درمیان ان افراد کو مشاہدے میں شامل کیا اور پھر اموات کے حوالے سے ان کا جائزہ لیا۔ تمام شرکاءنے ایک سوالنامے میں اپنی عمومی صحت، جسمانی پیمائش، مصالحہ دار کھانوں کی کھپت، سرخ گوشت اور سبزی کھانے کی عادت کے بارے میں اعداد و شمار جمع کرائے۔ تحقیق دانوں نے اپنے تجزیہ میں لکھا کہ ہفتے میں ایک دن یا دو دن مرچ والے تیز کھانا کھانے والے شرکاءمیں موت کا خطرہ کم مصالحہ کھانے والے لوگوں کے مقابلے میں 10 فیصد کم پایا گیا۔ دوسرے لفظوں میں کہا جاسکتا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے ہر روز مرچوں والے کھانے یا مصالحہ دار کھانے کی اشیاءکھاتے ہیں ان میں موت کا خطرہ کم مصالحہ کھانے والوں کی نسبتاً کم پایا گیا۔