Sunday, September 8, 2024

مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے‘ برائلر بھی عوام کی قوت خرید سے باہر

مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے‘ برائلر بھی عوام کی قوت خرید سے باہر
March 26, 2016
کراچی (92نیوز) مرغی کی قلت یا فارمرز کی من مانی۔ کراچی‘ لاہور‘ کوئٹہ سمیت ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ لاہور اور کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 220 جبکہ کراچی میں 100روپے اضافے سے 270 روپے فی کلو ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمتیں اگرچہ ملک بھر میں غیرمحسوس طریقے سے بڑھ رہی ہیں مگر کراچی میں تو جیسے الٹی گنگا بہنے لگی ہے۔ گرمیوں میں مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ رواں ہفتے مرغی کا گوشت یکایک سو روپے اضافے سے دو سو ستر روپے فی کلو گرام ہوگیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے مرغیوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ سپلائی میں کمی کی وجہ سے دام بڑھ گئے ہیں۔ چکن کی قیمتوں میں اضافے پر شہری بھی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت من مانی کرنے والوں کو لگام دے۔ شہریوں کے لیے مزید بری خبر یہ ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا تو چکن کا بحران سنگین بھی ہوسکتا ہے۔ پھر گوشت سستا ملنا تو دور مہنگا ملنا بھی دشوار ہوگا۔