Friday, May 17, 2024

مرغزار چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران ہلاک ہونے والے شیر کی میڈیکل رپورٹ آگئی

مرغزار چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران ہلاک ہونے والے شیر کی میڈیکل رپورٹ آگئی
August 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) مرغزار چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران ہلاک ہونے والے شیر کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، شیر کی منتقلی کے دوران وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے۔ مرغزار چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران شیر کی ہلاکت سے متعلق اہم حقائق سامنے آ گئے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق شیر بھوک پیاس سے لاغر ہو چکا تھا، سفر کے دوران شیر کیلئے جگہ انتہائی کم تھی، خون نکلنے کی وجہ سے پھیپھڑوں کا رنگ کالا ہوتا ہوا سرخ ہوچکا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شیر کو کھانا دیا گیا نہ ہی ویکسین، پھیپھڑوں اور معدے میں سوجن بھی ہوگئی تھی، دوران سفر مناسب جگہ نہ ملنے سے شیر کا دم گھٹ گیا، بچانے کیلئے تھراپی کی گئی لیکن کار آمد ثابت نہ ہوئی۔ ڈی جی ڈبلیو ڈبلیو ایف حماد نقوی کہتے ہیں زو سے جانوروں کی منتقلی کے دوران اجلت کے باعث ایس او پیز کو فالو نہیں کیا گیا۔ احتیاطی تدابیر کو اختیار نہ کرنے کے باعث نایاب جانوروں کے ساتھ ایسے حادثات پیش  آئے جو کہ افسوسناک ہیں۔ واضح رہے کہ چڑیا گھر سے شیرکو منتقل کرنے کیلئے آگ لگانے اور ڈنڈے مارنے کی فوٹیج میڈیا پر چلی تو انتظامیہ کوہوش آیا تھا۔ اسلام آباد پولیس نے اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مرغزار سے منتقلی کے دوران کئی جانور اور پرندے زخمی ہو چکے لیکن انتظامیہ اقدامات کرنے میں مسلسل ناکام رہی۔