Wednesday, April 24, 2024

مرغزار چڑیا گھر اسلام آباد سے جانوروں کی محفوظ منتقلی بارے کیس نمٹادیا گیا

مرغزار چڑیا گھر اسلام آباد سے جانوروں کی محفوظ منتقلی بارے کیس نمٹادیا گیا
July 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر  کے جانوروں کی محفوظ منتقلی کا کیس اسلام آباد ہائیکورٹ نے  نمٹا دیا۔ حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کاون ہاتھی کو کمبوڈیا منتقل کی منظوری دے دی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اخبارات میں دیکھا وزیراعظم خود اس معاملے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مرغزار چڑیا گھر سے جانوروں کی محفوظ مقام پر منتقلی سے متعلق عملدرآمد کیس کی سماعت کی ، عدالتی استفسار پر وائلڈ لائف حکام نے آگاہ کیا کہ مرغزار چڑیا گھر کے کاون ہاتھی کو کمبوڈیا منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، بیرون ملک منتقلی کیلئے انتظامات شپنگ کا انتظام کیا جانا باقی ہے۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت پاکستان نے اس عدالت کے فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔

چیف جسٹس نے مگر مچھ بارے استفسار کیا تو سیکرٹری ماحولیات نے آگاہ کیا کہ مگر مچھ کو آج چڑیا گھر سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ، وائلڈ لائف حکام نے کہا کہ مگر مچھ کی دعائیں اس عدالت کو ملیں گی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مگر مچھ قدرتی طور پر تو سندھ میں کہیں ساحلی علاقوں پر ہونا چاہیے ، جانور اپنی قدرتی آب و ہوا میں ہی زندہ رہ سکتے ہیں ، ایک جانور ملتان جیسے گرم موسم میں پیدا ہوا اسے الاسکا بھیج دیا جائے تو کیسے زندہ رہے گا؟ ۔

عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔