Monday, September 16, 2024

مردم شماری : پاک فوج کا بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ

مردم شماری : پاک فوج کا بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ
April 25, 2017
راولپنڈی(92نیوز)کنٹرول لائن پر مردم شماری کے عمل  کے  دوران عملے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔اعتماد سازی کے لئے پاک فوج نے بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ کرلیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  رابطے کا مقصد ،  کنٹرول لائن کو بھارتی فوج  کی خلاف ورزیوں سے محفوظ بناناہے۔مردم شماری کی ٹیم آرمی ہا وس راولپنڈی بھی پہنچ گئی۔ پاک فوج کےترجمان کے مطابق مردم شماری کے دوسرے مرحلے پر اعتماد سازی کے لئے  پاک فوج نے بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا ہے۔  لائن آف کنٹرول کے قریبی اضلاع میں گاوں اور گھرانوں کو شمار کرنے کے لئے مردم شماری  اہلکار اپنی خدمات سرانجام دینگے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد مردم شماری عملے کو سیز فائر کی خلاف ورزی سے محفوظ بنانا ہے ۔رابطے کے دوران  لائن آف کنٹرول پر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مردم شماری کی ٹیموں کی نقل  وحرکت محفوظ بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا ۔ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے دوران بھی بھارتی افواج کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے ماضی میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔دوسری جانب سول اور فوجی نمائندوں پر مشتمل مردم شماری کی ٹیم آرمی ہاؤس راولپنڈی  پہنچ گئی جہاں ٹیم نے ضروری معلومات اور مواد حاصل کیا ۔ مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 25 مئی کو مکمل ہوگا۔