Tuesday, April 23, 2024

مردم شماری 15مارچ سے شروع ہوگی ، دو لاکھ فوجی جوان تعینات ہوں گے

مردم شماری 15مارچ سے شروع ہوگی ، دو لاکھ فوجی جوان تعینات ہوں گے
March 12, 2017
  اسلام آباد(92نیوز)ملک میں چھٹی  مردم  شماری 15 مارچ سے 25 مئی تک ہو گی خواجہ سراؤں اوربے گھرافراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جائے گا گھرگھرجاکراعداد و شماراکٹھے کرنے کےعمل میں دو لاکھ   سے زائد فوجی  جوان  بھی حصہ لیں گے، غلط معلومات دینے والوں کو پچاس ہزار روپے جرمانہ اور  چھ  مہینے  قید ہو گی۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر وزیر مملکت برائے انفارمیشن مریم اورنگزیب نےترجمان  پاک فوج  میجر جنرل  آصف  غفور اور ادارہ شماریات کے سربراہ  آصف باجوہ  کے ساتھ اسلام  آباد میں  پریس  کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چھٹی مردم شماری پندرہ  مارچ  سے شروع ہو رہی ہےاور یہ دو مرحلوں پر مشتمل ہو گی جو 25 مئی تک جاری  رہے گی۔ انہوں  نے کہا کہ  مردم شماری کے  بغیر عوام کی  حقیقی  نمائندگی  سامنے نہیں آ سکتی مردم شماری کے عملے کو  غلط معلومات دینا جرم  ہوگا۔ ڈی  جی  آئی ایس  پی  آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے عمل  میں دو لاکھ سے زائد فوجی جوان  تعاون کریں گے جو گھر گھر جا کر  بنیادی معلومات اکٹھی کریں گے ۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاک فوج کے جوان مردم شماری کے عمل کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے فرائض  بھی انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں آخری مردم شماری 1998 میں ہوئی تھی جس کے انیس سال  بعد ملک میں مردم  شماری ہو رہی ہے  اور اس کے لئے  ساڑھے  اٹھارہ  ارب روپے کا  بجٹ مختص کیا گیا ہے۔