Saturday, April 20, 2024

مردان: چار سالہ معصوم آسما جنسی تشدد کے بعد قتل

مردان: چار سالہ معصوم آسما جنسی تشدد کے بعد قتل
January 17, 2018

پشاور (92 نیوز) قصور کی زینب کے بعد مردان کے علاقہ گوجر گڑھی جندرپار کی چار سالہ معصوم بچی آسماء جنسی تشدد کے بعد قتل کر دی گئی۔
قصور واقعہ کے بعد خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں بھی بچی پر جنسی تشدد کے بعد قتل کا واقعہ سامنے آ گیا۔
دونوں واقعات میں فرق ہے تو صرف اتنا کہ مردان کے علاقہ گوجر گڑھی میں جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی اسماء کی عمر صرف چار سال تھی۔
بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والے بہرام خان کی بیٹی اسماء گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اچانک غائب ہو گئی اور پھر گنے کے کھیتوں سے اس کی نعش ملی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ بچی کی موت گلا دبانے سے ہوئی لیکن اس پر جنسی تشدد کے آثار ملے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے مردان واقعہ کو اچھالا گیا تو آئی جی خیبرپختونخوا نے نہ صرف اس واقعہ کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا بلکہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
پولیس کو اس اندھے قتل کا جلد سراغ لگانے کی ہدایت کر دی گئی۔