Saturday, May 4, 2024

مردان ، طوروڈھکی میں قربانی پر تکرار،فائرنگ سے 5افراد جاں بحق

مردان ، طوروڈھکی میں قربانی پر تکرار،فائرنگ سے 5افراد جاں بحق
August 22, 2018
مردان ( 92 نیوز) مردان کے علاقہ طورو ڈھکی میں قربانی پر تکرار نے عید کی خوشیاں ماتم میں بدل دیں ، فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے ، فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں۔ مردان کے تھانہ طورو کے علاقہ ڈھکی شیرے کورونہ میں عید کے دن قربانی کا مقام اس وقت مقتل بن گیا جب فریقین میں قربانی کے معاملے پرتکرار ہوئی اور بات مزید بڑھی تو فائرنگ شروع ہوگئی۔ اس مسلح تصادم نے ایک راہ گیر سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی جان لے لی ۔ مردان پولیس کے مطابق واقعہ میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او مردان جائے وقوعہ پہنچ گئے ، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔