Monday, September 16, 2024

مردان : سکیورٹی فورسز نے تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا‘ دو دہشت گرد گرفتار

مردان : سکیورٹی فورسز نے تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا‘ دو دہشت گرد گرفتار
August 9, 2016
پشاور (92نیوز) کوئٹہ سانحہ کے بعد خیبرپختونخوا میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ مردان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ دہشت گردوں سے دو دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا نے صوبے میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ سی ٹی ڈی مردان ریجن نے دہشت گردی کے منصوبے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور چارسدہ چوک مردان سے دو دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا جو چارسدہ سے مردان شہرمیں داخل ہو رہے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں صالح شاہ اور وسیم سے دو دستی بم اور دو پستول برآمد کرلئے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتاردہشت گرد صالح شاہ کا تعلق اچینی بالا باڑہ جبکہ وسیم کا تعلق ناساپا پشاور سے ہے۔ دونوں دہشت گردوں کو مزید پوچھ گچھ کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔