Friday, April 19, 2024

مردان دھماکے کے شہدا کی تعداد 23ہوگئی ،50سے زائد زخمی

مردان دھماکے کے شہدا کی تعداد 23ہوگئی ،50سے زائد زخمی
December 29, 2015
پشاور(92نیوز)مردان میں خون کی ہولی کھیلی گئی، نادرا آفس کے احاطے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 23 شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق خیبر پخونخوا کا دوسرا بڑا ضلع مردان لہولہان ہو گیا، درجنوں خاندان اجڑ گئے اور کئی گھر ماتم کدہ بن گئے۔ دھماکہ نادرا کے دفتر کے قریب اس وقت ہوا جب لوگ شناختی کارڈ بنوانے کے لئے جمع تھے۔ خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جائے وقوعہ پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خود کش تھا جس میں 10 سے 12 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نادرا کے دفتر میں گھسنا چاہتا تھا تاہم جب وہ ناکام ہو گیا تو خود کو گیٹ سے باہر دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن کو مردان میڈیکل کمپلیکس، ڈی ایچ کیو اسپتال مردان اور لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں وہ راہگیر بھی شامل ہیں جو چھرے لگنے کے باعث زخمی ہوئے۔ 2015 پچھلے سال کی نسبت قدرے پرامن رہا مگر جاتے جاتے کئی گھرانوں کو اداس چھوڑ گیا۔