Friday, April 26, 2024

مردان بچی قتل کیس: گرفتار مشتبہ افراد کی تعداد 116 ہوگئی

مردان بچی قتل کیس: گرفتار مشتبہ افراد کی تعداد 116 ہوگئی
January 19, 2018

پشاور (92 نیوز) مردان میں چار سالہ بچی کے قتل اور مبینہ جنسی تشدد کے کیس کی تفتیش میں پیش رفت، گرفتار مشتبہ افراد کی تعداد ایک سو سولہ ہوگئی۔ مقتولہ کے اعضاء کے نمونے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوادیئے گئے۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا متاثرہ خاندان کی دلجوئی کے لئے مردان گئے۔

مردان کی گوجر گڑھی میں چار سالہ اسماء کے قتل اور مبینہ جنسی تشدد کیس میں مردان پولیس نے ایک سو سولہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق کیس میں کوئی خاتون گرفتار نہیں۔ مقتولہ بچی کے جسمانی اعضاء کے نمونے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے ہیں رپورٹ آنے میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

ڈی پی او مردان کے مطابق پولیس اس کیس کی خاندانی رنجش کے پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے کیونکہ چند روز قبل اس گھر می جھگڑا بھی ہوا تھا۔ متاثرہ خاندان سے ہمدردی کے اظہار کے لئے وزیراعلٰی پرویزخٹک، آئی جی پولیس کے ہمراہ مردان گئے۔

عمائدین نے جرگہ نے ملزموں کی گرفتاری کےلئے مردان پولیس کو بہترگھنٹے کی مہلت دے رکھی ہے جبکہ ضلع ناظم نے معاملے پرآل پارٹیز کانفرنس جمعہ کے روز بلائی ہے۔