Sunday, May 19, 2024

مراد علی شاہ کی سندھ اسکاؤٹ کیمپوری کی اختتامی تقریب میں شرکت، جسمانی و ذہنی مہارتوں کا مظاہرہ دیکھا

مراد علی شاہ کی سندھ اسکاؤٹ کیمپوری کی اختتامی تقریب میں شرکت، جسمانی و ذہنی مہارتوں کا مظاہرہ دیکھا
December 26, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی سندھ اسکاؤٹ کیمپوری کی اختتامی تقریب میں شرکت ہوئی جہاں انہوں نے اسکاؤٹس کی جسمانی و ذہنی مہارتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا۔

اپنے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا یہاں آکر ماضی یاد آ گیا۔ آج جس منصب پر فائز ہیں اس میں اسکاؤٹ کا اہم کردار ہے۔ میں 1976 میں یہاں اسکاوٹ کیمپوری میں شریک تھا۔ ہم جب بھی کیمپ میں جاتے تھے تو بسوں میں سفر کرتے تھے۔ آٹھویں کیمپوری میں آنے پر اپنے لیے عزت سمجھتا ہوں۔ میں نے پانچویں جماعت سے اسکاوٹس میں حصہ لیا ۔ ہمارے اسکاوٹ ماسٹرز اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ ان کا بڑا کردار تھا۔ ہمیں کہا جاتا تھا کہ روزانہ ایک اچھا کام کریں ۔ یہی سوچ جو آپکے اندر ڈالی جاتی ہے وہی کام آتی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا مجھے یقین ہے آپ نے ایک دوسرے سے سیکھا ہو گا۔ میں سندھ بوائے اسکاوٹس کو عظیم الشان کیمپوری کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ میں کوشش کرونگا کہ اسکاوٹ جمبوری میں حاضر ہوں ۔ یہ بھی کوشش کرونگا کہ ایک رات کیمپ میں گذاروں ۔ ٹینٹ میں ابھی بھی لگا سکتا ہوں، مجھے یاد ہے۔ آپکے ساتھ مقابلے بھی کرونگا۔ یہاں جو آپ سیکھتے ہیں زندگی بھر اسکا استعمال کریں۔