Friday, May 10, 2024

مراد علی شاہ کی اسد عمر سے ملاقات ، 6 رکنی کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کر دی

مراد علی شاہ کی اسد عمر سے ملاقات ، 6 رکنی کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کر دی
August 19, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسد عمر سے ملاقات ہوئی۔ اہم ملاقات میں 6 رکنی کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کر دی گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر سے سندھ حکومت کے وڈے سائیں مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء  سید ناصر شاہ ، سعید غنی نے اہم ملاقات کی جس میں وفاقی وزراء علی زیدی ،امین الحق اور چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل نے بھی شرکت کی۔ کراچی سے متعلق اہم ملاقات میں شہر میں جاری منصوبوں اور مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ  خیال ہوا اور کراچی کے معاملات پر کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی  گئی جس میں  وفاقی وزراء اسد عمر علی زیدی ،امین الحق وفاق جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء  سید ناصر شاہ  اور سعید غنی سندھ حکومت کی نمائندگی کریں گے۔ کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز اور دونوں حکومتوں کے  درمیان رابطے کا کردار ادا کرے گی تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گورنر سندھ کمیٹی کا حصہ کیوں نہیں ۔ کراچی کے مسائل کو  وزیر اعظم تک پہچانے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرادر رہا ہے۔ جب صوبے کا وزیر اعلی کمیٹی کا حصہ ہے تو گورنر سندھ کیوں نہیں ۔ کیا گورنر سندھ کو کمیٹی میں شامل کرنے پر پیپلز پارٹی نے اعتراض کیا ؟ یا وفاقی حکومت نے خود گورنر سندھ کو کمیٹی کا حصہ نہیں بنایا؟ ان سوالات کے جوابات ابھی آنا باقی ہیں۔