Saturday, May 18, 2024

مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کا جن قابو کرنے کو پہلی ترجیح قرار دیا

مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کا جن قابو کرنے کو پہلی ترجیح قرار دیا
August 19, 2018
کراچی (92 نیوز) مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کا جن قابو کرنے کو پہلی ترجیح قرار دیا  اور روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم کی تفصیلات مانگ لیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا ۔ مراد علی شاہ اہم اجلاس کی صدارت کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پولیس کے دستے نے وزیراعلیٰ سندھ کو سلامی بھی دی ۔ مراد علی شاہ نے دستے کا معائنہ کیا ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صاف کہہ دیا کہ قربانی کے جانور چھینے جانے کی کوئی خبر نہیں آنی چاہیئے اور اگر جرائم ہوئے تو علاقہ ایس ایچ اوز ذمہ دار ہوں گے ۔ امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ رواں سال 622 پولیس مقابلوں میں 9 ہزار 250 گرفتاریاں اور 396 گینگز بسٹ کئے گئے جبکہ 73 کرمنلز کو ٹھکانے لگایا گیا ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ 830 پولیس اہلکار ٹریننگ سینٹرز میں اور  432 جوان پاکستان آرمی سے تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کے اعدادو شمار بھی گنوائے ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا سندھ میں پولیس کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 983 ہے ۔ صوبے کے 30 ڈسٹرکٹ میں مجموعی طور پر 623 پولیس اسٹیشنز ہیں ۔ آبادی کے لحاظ سے 410 شہریوں پر ایک پولیس اہلکار ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے پیچھے ڈرگ مافیا کا ہاتھ ہے جن کیخلاف عید کے بعد بھرپور آپریشن شروع کیا جائے گا ۔