Friday, April 19, 2024

مر جاؤں گا پی ایس پی میں نہیں جاؤں گا، فاروق ستار

مر جاؤں گا پی ایس پی میں نہیں جاؤں گا، فاروق ستار
April 15, 2018
کراچی (92 نیوز) ڈاکٹر فاروق ستار نے صبح سویرے بڑی بڑی قسمیں اٹھالیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادرآباد والے سن لیں وہ مر جائیں گے مگر پی ایس پی میں نہیں جائیں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ان کا جینا مرنا ایم کیوایم کے ساتھ ہے۔ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزامات لگایا کہ زبردستی ان کے ارکان اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کرائی جا رہی ہیں۔ پتنگ کا نشان اور ایم کیوایم کی انتخابی سیاست ختم کی جارہی ہے۔ فاروق ستار نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سارے حقائق ان کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پہلے نواز شریف اور اب شاہد خاقان عباسی اپنی حکومت بچانے میں لگے ہیں۔ ان سے بات کرنے کا تو کوئی فائدہ ہی نہیں۔ صبح سویرے بلائی گئی پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کے ہمراہ کامران ٹیسوری، علی رضا عابدی اور پی آئی بی گروپ میں واپس آنے والی ممبر صوبائی اسمبلی نشاط قادری بھی موجود تھے ۔ ادھر ڈاکٹر فاروق ستار نے آج شام 6 بجے جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کر لیا ۔