Tuesday, May 14, 2024

مذہبی حلقوں نے لازمی نصاب سے اسلامی تعلیمات ختم کرنے کی سفارش کو سازش قرار دیدیا

مذہبی حلقوں نے لازمی نصاب سے اسلامی تعلیمات ختم کرنے کی سفارش کو سازش قرار دیدیا
April 23, 2021

لاہور (92 نیوز) مذہبی حلقوں نے لازمی نصاب سے حمد، نعت، حضرت محمد ﷺ، خلفاء اسلام کے تاریخی حوالے ختم کرنے کی سفارش کوبہت بڑی سازش قراردے دیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیرآزاد اور مذہبی اسکالرڈاکٹرراغب نعیمی نے ہیومین رائٹس اینڈ مینارٹی افیئرزڈیپارٹمنٹ پنجاب کے لازمی نصاب سے دینی تعلیمات نکالنے کے خط کی مذمت کردی۔ کہا کہ ہیومین رائٹس اینڈ مینارٹی افیئرزڈیپارٹمنٹ پنجاب کا لازمی نصاب سے دینی تعلیمات نکالنے کا خط سازش ہے، وزیر اعلی پنجاب اس کا نوٹس لیں۔

رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے 92 نیوز سے بات چیت میں کہا کہ ہیومین رائٹس اینڈمینارٹی آفیئرز پنجاب کے پاس ایسے خط کا اختیار نہیں۔

معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ لازمی نصاب سے حمد، نعت، حضرت محمد ﷺ ، خلفاءاسلام کے تاریخی حوالے ختم کرنے کا اقدام کسی صورت برداشت نہیں۔

علماء نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فوری ایکشن لیں اور مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش کو ختم کریں۔