Tuesday, April 23, 2024

مذہبی جماعت کے کارکنوں کے ملک گیر احتجاج کے بعد ٹریفک کی بحالی شروع

مذہبی جماعت کے کارکنوں کے ملک گیر احتجاج کے بعد ٹریفک کی بحالی شروع
April 14, 2021

گوجرانوالہ (92 نیوز) مذہبی جماعت کے کارکنوں کے ملک گیر احتجاج کے بعد ٹریفک کی بحالی شروع ہو گئی۔

ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد ٹریفک بحال کروا دی گئی۔ لاہور میں ایل ڈی اے چوک، شاہکام چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، مال روڈ، کینال روڈ پر ٹریفک رواں دواں تاہم  فیروز پور روڈ پر چونگی امر سدھو، ملتان روڈ پر چوک یتیم خانہ، اسکیم موڑ، موہلنوال ،جی ٹی روڈ پر شاہدرہ اور دروغہ والا میں دھرنے کے باعث شہریوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

راولپنڈی میں لیاقت باغ چوک کو 2 روز بعد مظاہرین سے خالی کرا لیا گیا۔ اسلام آباد میں ایکسپرس وے پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ فیصل آباد میں تمام شاہراہوں اور موٹروے ایم 4 ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔ گوجرانوالہ  میں بھی جی ٹی روڈ سے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا۔ مریدکے میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکار گشت کر رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جہلم میں دینہ جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔ بہاولپور ریجن  میں بھی ٹریفک رواں دواں  ہے۔ کراچی میں حب ریور روڈ ، اسٹار گیٹ ، بلدیہ ٹاؤن اور کورنگی سمیت تمام راستوں پر ٹریفک بحال ہے۔