Saturday, April 20, 2024

مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، فواد چودھری

مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، فواد چودھری
November 11, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کرنے کی کوشش ہو رہی ہے،اپوزیشن کی سیاست ان کے ذاتی اور خاندانی فائدے کیلئے ہے، مولانا فضل الرحمان جب تک سیاست میں ہوں ان کیلئے سب ٹھیک ہے ۔ ہماری حکومت بغیر ڈیزل کے بہت اچھی چل رہی ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہناتھا کہ کچھ لوگ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کر رہے ہیں، نظریات کی لڑائی بندوق سے نہیں، دلائل سے جیتی جا سکتی ہے۔ ہمارے ہاں سیاسی نہیں، فکری بحران ہے۔ وزیراطلاعات نے مالی مشکلات سے نکلنے کا نیا طریقہ بنا دیا ، فواد چودھری نے کہا کہ آصف زرداری اورشریف خاندان سےپیسےنکل آئیں توقرضوں کامسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔فواد چودھری نے خورشید شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا خورشید شاہ کس طرف ہیں ،اس کا پیپلزپارٹی کو بھی علم نہیں ۔ فوادچودھری نے وزیراعظم عمران خان کو عوامی لیڈر قرار دیا تو ساتھ ہی ساتھ اپوزیشن پر تنقید کے نشتر بھی چلائے، اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی بھی نہ دینے کے عزم کو دہرایا۔ وزیراطلاعات نے احتساب کے عمل سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا  اعادہ کیا، بولے نیب کے اقدامات کو سپورٹ کرنا چاہئے، شہبازشریف کے گرفتار ہوتے ہی 19 سال سے تعینات ڈی جی نیب کی ڈگری جعلی ہوگئی۔ فوادچودھری نے گورنر چودھری سرور اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے درمیان اختلاف کی افواہوں کو بھی مسترد کردیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ  چھوٹی موٹی باتیں ہر جگہ ہو جاتی ہیں، تاہم پی ٹی آئی میں لیڈرشپ کا کوئی بحران نہیں ۔ وزیراطلاعات نے بارہ ربیع الاول کو اسلام  آباد  میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میرواعظ عمرفاروق اور امام کعبہ سمیت یو اے ای سے گرینڈ مفتیان کرام بھی شرکت کریں گے   جبکہ کانفرنس کے اختتامی مہمان صدر مملکت ہوں گے ۔