Thursday, April 25, 2024

مذاکرات جعلی حکومت سے نہیں ہوں گے، مریم نواز

مذاکرات جعلی حکومت سے نہیں ہوں گے، مریم نواز
December 26, 2020

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ مذاکرات جعلی حکومت سے نہیں ہوں گے، ان کو این آر او نہیں ملے گا۔

ہفتہ کے روز جاتی امراء میں سکھر جانے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تقسیم بہت بڑھ گئی ہے،پاکستان کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے،پاکستان کیلئے کچھ چیزیں ایسی ہیں جس پر ہم سب اکٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بھائی اور پارٹی کے وفادار ہیں، نوازشہباز شریف بھائی سے وفادار نہ ہوتے تو وزیراعظم ہوتے، شہباز شریف نے ساری آفرز کو ٹھکرایا یہ جس کا ثبوت وہ بیٹے سمیت جیل بھگت رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں اور بلاول میثاق جمہوریت آگے لیکر بڑھیں گے۔ بڑی خوشی ہے بی بی شہید کی برسی میں شرکت کیلئے جا رہی ہوں، بے نظیر شہید نے جمہوریت کی جدوجہد میں جان دی، چارٹرڈ آف ڈیموکریسی سے ملک کی تاریخ تبدیل ہوگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کی جانب سے بھی پیغامات موصول ہوتے رہے، نوازشریف نے اٹل فیصلہ کرلیا ہے، کوئی مذاکرات جعلی حکومت سے نہیں ہوں گے۔ حکومت کی کارکردگی اتنی بری ہے ان کو پتہ چلا گیا اگلا الیکشن یہ ووٹ سے نہیں لے سکتے۔ حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔

مریم نواز بولیں ملک بحران میں آیا ہوا ہے، کابینہ میں بات ہو رہی ہے، بلاول مردان نہیں آیا پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی، یہ شکست خوردہ آدمی کی ذہنیت کی نشانی ہے، جس کو پتہ ہے میں جا رہا ہوں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی حیران ہیں ان کے استعفے حکومت کے پاس کیسے پہنچے، پارٹی کی رائے ہے پارٹی کو الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ پی ڈی ایم فیصلہ کرتی ہے الیکشن نہیں لڑیں گے تو نہیں لڑیں گے۔ جنوری کے اوائل میں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ ہو جائے گا، جب استعفوں کا فیصلہ ہوگا قیادت خود استعفے اسپیکرکو جمع کرائے گی۔

مریم نواز آج شام کو سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی، کل گڑھی خدابخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کریں گی۔