Friday, April 19, 2024

مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار

مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار
May 11, 2021

مدینہ (92 نیوز) مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ مسجد نبوی ﷺ میں ابر کرم برسنے کے بعد روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

رحمتوں، محبتوں اور عنایات کے مرکز پر ابر رحمت جم کر برسے۔ مدینہ منورہ میں بادل کھل کر برسے تو موسم خوشگوار ہو گیا۔ پہلے سیاہ بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لیا ، اس کے بعد ابررحمت برسنا شروع ہوا۔

سعودی میڈیا کےمطابق   الیتمہ، الخالدیہ، وادی ریم، ابیار الماشی، العشیرہ، العزیزیہ، طریقہ الہجرہ، الجرف اور قبائی سمیت مختلف علاقوں میں جم کر بارش ہوئی۔ مسجد نبوی ﷺ میں بارش کی وجہ سے انتظامیہ نے خصوصی تدابیر اختیار کر لیں جس سے زائرین نے خوب لطف اٹھایا۔

گنبدخضری اور مسجد نبوی ﷺ کا صحن ابر رحمت برسنے کے بعد نکھر گیا۔ عاشقان رسول ﷺ روح پرور مناظر دیکھ کر درودوسلام کی صدائیں بلند کرتے رہے۔ کئی زائرین نے بارش کے دوران نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ روح پرور مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو سکتی ہے۔