Thursday, April 25, 2024

مدارس اصلاحات پر اتفاق ہوگیا ،لال مسجدوالے اب قانون توڑیں گے تو قانون حرکت میں آئیگا : چودھری نثار

مدارس اصلاحات پر اتفاق ہوگیا ،لال مسجدوالے اب قانون توڑیں گے تو قانون حرکت میں آئیگا : چودھری نثار
December 18, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے کہا ہے کہ مدارس اصلاحات پر اتفاق ہوگیا ہے جلد نئی پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا کہتے ہیں لال مسجد والے اب قانون توڑیں گے تو قانون سختی سے حرکت میں آئے گا۔ تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان  نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پرجو پیش رفت ہوگی ، سب کو آگاہ کیا جائے گا، چوہدری نثار علی نے کہا کہ آج سے پہلے ای سی ایل صرف وزیر اور سیکرٹری کی منشاء کے مطابق چلتی تھی،ای سی ایل میں 10ہزار اور بلیک لسٹ میں 52ہزار پاکستانیوں کے نام شامل تھے،چوہدری نثار علی نے کہا کہ ای سی ایل ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے،ہم نے کسی غلط آدمی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا، وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے بلیک لسٹ مکمل طور پر ختم کردی ہے، ای سی ایل میں اب صرف تین سے چار ہزار نام رہ گئے ہیں، چوہدری نثار علی نے کہا کہ پچھلے 40سال میں صرف 17 این جی اوز نے رجسٹریشن کروائی تھی، لیکن ہمارے دور میں اب تک 127این جی اوز رجسٹریشن کے لیے درخواست دے چکی ہیں ۔ چودھری نثار علی نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کی تصدیق مکمل ہوچکی ہے،31دسمبر تک تصدیق نہ کروائی گئی تو منسوخ کردیے جائیں گے، اب تک 8ہزار بوگس اسلحہ لائسنس منسوخ کیے جا چکے ہیں، ،وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کہا گیا کہ نیپ پالیسی ہے حکمت عملی نہیں،نیپ سے پہلے سوات اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن ہوئے لیکن ملک بھر میں دہشتگردی عروج پر پہنچ گئی۔ چودھری نثار نے بتایا کہ خانانی اینڈ کالیا کیس کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا تھا لیکن اب پھر اس پر کام شروع کروایا ہے، پرائیویٹ سیکورٹی کمپنیوں کے لیے نئی پالیسی لا رہے ہیں، چوہدری نثار علی نے کہا کہ اگر لال مسجد والے اب قانون توڑیں گے تو قانون سختی سے حرکت میں آئے گا،کہا جاتا ہے کہ اسلام آباد میں آپریشن کیوں نہیں ہوتا،2007میں بھی ایک آپریشن ہوا تھا نتیجے میں 100سے زائد جانیں ضائع ہوئیں،سوچنے کی بات یہ ہے کہ اتنے بڑَے آپریشن کے بعد مولانا صاحب کو دوبارہ کیوں یہاں بسایا گیا، چوہدری نثار علی نے کہا کہ مدرسہ رجسٹریشن اور نصاب کی تجدید پر اتفاق ہو گیا ہے، بلٹ پروفنگ کمپنیوں کے لیے بھی نئی پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔