Monday, May 6, 2024

مخیر حضرات کی جانب سے لاہور میں اجتماعی شادیاں کرائی گئیں

مخیر حضرات کی جانب سے لاہور میں اجتماعی شادیاں کرائی گئیں
April 12, 2015
لاہور(92نیوز)مخیر حضرات کی جانب سے لاہور میں سفید پوش، مستحق اور نادار والدین کی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا، جہاں بچیوں کو جہیز میں ضروریات زندگی کی اشیاء اور نیک تمناﺅں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے اس دور میں جہاں پسماندگی کا شکار لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا دشوار ہو چکا ہے وہاں غریب والدین جہیزکی لعنت کے شکار معاشرے میں اپنے بچے اوربچیوں کی شادیوں کے حوالے سے کافی پریشان ہیں۔ ان حالات میں مخیر حضرات کی جانب سے اجتماعی شادیاں کرانے کا اقدام کسی نعمت سے کم نہیں۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں دولہا دلہن کے رشتہ داروں نے بھی شرکت کی جہاں ان کے لیے ریفرشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر خوشگوار نظر آرہے تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ درد دل رکھنے والے مخیرحضرات نے ان کے دل جیت لیے ہیں۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں دولہا دلہن کو مستقبل کی کسی پریشانی سے بچنے کے لیے ضروریات زندگی کا سامان بھی جہیز میں دیا گیا۔