Friday, March 29, 2024

مخلوط تعلیمی اداروں اوردفاتر میں پردہ واجب: اسلامی نظریاتی کونسل

 مخلوط تعلیمی اداروں اوردفاتر میں پردہ واجب:  اسلامی نظریاتی کونسل
October 20, 2015
اسلام آباد(92نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کہتے ہیں کہ دفاتر اور مخلوط تعلیم میں پردہ واجب ہے،ان کا کہنا تھا کہ مقابلے کے امتحانات میں اردو میں جوابات لکھنے کی اجازت  بھی ہونی چاہئے۔ تفصیلات کےمطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس مولانا محمد خان شیرانی کی صدارت میں ہوا۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ جہاں فتنہ کااندیشہ ہو ،دفاتر اور مخلوط تعلیم میں پردہ واجب ہے۔انہوں نے کہا کہ مخلوط تعلیم نہ تو ہماری ضرورت ہے اور نہ ہی شرعی اصولوں کے مطابق۔ مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ قومی زبان اردو کی ترویج و ترقی کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ احسن ہے فیصلے کو سراہتے ہوئے سپریم کورٹ کو خط لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقابلے کے امتحانات میں اردو میں جوابات لکھنے کی اجازت  بھی ہونی چاہئے ۔ کونسل کے اجلاس میں قرارداد پاس کی گئی کہ محرم میں علماء اور خطباء کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔مولانا محمد خان شیرا نی نے کہا کہ بچوں کو جسمانی سزا کے بل اور سیونگ سرٹیفکٹس کی شرعی حیثیت پر ذیلی کمیٹیاں بنا کر سفارشات مرتب کی جائینگی۔