Friday, May 17, 2024

مختلف شہروں میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے، اسلام آباد میں ایک اور مریض جاں بحق

مختلف شہروں میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے، اسلام آباد میں ایک اور مریض جاں بحق
October 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے بعد ڈینگی وبا میں تیزی آگئی، مختلف شہروں میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے، اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک اورشخص جاں بحق ہوگیا، راولپنڈی میں بھی مزید 17 افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے۔ 

کورونا کے بعد ڈینگی کی صورتحال خوفناک ہوگئی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ مجموعی اموات کی تعداد چھ ہو گئی۔ ڈینگی سے ہونے والی پانچ ہلاکتیں اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں سے ہیں۔ ایک دن میں 121  شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔ دیہی علاقوں میں 62 جبکہ شہری علاقوں میں 59  افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مجموعی کیسز 1077 جبکہ شہری علاقوں میں 572 افراد ڈینگی سے بیمار ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1649 ہوچکی ہے۔

راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 17 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ راولپنڈی میں مجموعی مریضوں کی تعداد 1200 ہوگئی ہے۔ ڈی ایچ او راولپنڈی کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کے ایریا میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ راولپنڈی کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کر دیئے گئے۔